پاکستان

اورکزئی اور باڑہ میں جھڑپیں، دو اہلکار، 24 شدت پسند ہلاک

اورکزئی ایجنسی میں شدت پسندوں سے جھڑپ میں دو اہلکار اور 15 شدت پسند ہلاک، بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ۔

پشاور: اورکزئی ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں کم از کم دو اہلکار اور 15 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ شدت پسندوں نے اورکزئی کے علاقے شیریں دارا میں سیکیورٹی چوکی پر حملہ کیا جس کے تیجے میں متعدد شدت پسند اور چھ سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

فورسز نے شدت پسندوں کے حملے کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

زخمی سیکیورٹی اہلکاروں میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ان خبروں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں کیونکہ فاٹا کے علاقے تک صحافیوں کی رسائی انتہائی محدود ہے۔

یاد رہے کہ پاک فوج شمالی وزیرستان اور خیبر کے علاقوں میں مقامی اور غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہے۔

دوسری جانب پشاور کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس میں دو ااہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق گاڑی بنوں سے سرحدی علاقے جانی خیل کی جانب جارہی تھی کہ اسے آئی ای ڈی ڈیوائس کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔

ادھر باڑہ ایجنسی کے علاقے اکا خیل میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں نو عسکریت پسند ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جھڑپ کے بعد چار اہم شدت پسند کمانڈرز نے ہتھیار ڈال دیے۔