پاکستان کی نظریں ایک اور عالمی ریکارڈ پر مرکوز
ابو ظہبی: پاکستان کرکت ٹیم کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھانے کے ساتھ ساتھ نت نئے ریکارڈز بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کے ساتھ مصباح نے سب سے زیادہ فتوحات کا قومی ریکارڈ برابر کردیا جبکہ اب قومی ٹیم ایک اور عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے درپے ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے دونوں اننگ ڈکلیئر کیں اور یہ لگاتار پانچواں موقع تھا جب پاکستانی ٹیم نے اننگ ڈکلیئر کی۔اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گزشتہ تینوں ڈکلیئر کی تھیں۔
اس کے ساتھ ہی پاکستان عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے جہاں سب سے زیادہ مرتبہ لگاتار اننگ ڈکلیئر کرنے کا اعزاز انگلینڈ کے پاس ہے۔
انگلینڈ نے 2009 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لگاتار 6 مرتبہ اننگ ڈکلیئر کی تھی جو ایک عالمی ریکارڈ ہے تاہم پاکستان کی موجودہ کارکردگی کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ یہ ریکارڈ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکے گا۔
دوسری جانب سے مصباح الحق نے بھی کیویز کے خلاف فتح کے ساتھ پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان کا اعزاز حاصل کر لیا۔
مصباح اب تک بطور کپتان 15 میچوں میں فتوحات حاصل کر چکے ہیں جبکہ اس سے قبل عظیم پکستانی کھلاڑیوں عمران خان اور جاویود میانداد کی قیادت میں پاکستان نے 14 میچز میں فتوحات حاصل کی تھیں۔