عالمی ٹیمیں پاکستان آنے کیلئے تیار، شہریار خان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان نے نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ سال پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے بند دروازے کھل جائیں گے۔
شہریارخان نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کےلیے تیار ہیں۔
'کینیا سمیت آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے رضامند ہیں اور امید ہے کہ آئندہ سال پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کےدروازے کھل جائیں گے۔'
شہریارخان کاکہنا تھا کہ آف اسپنرسعید اجمل نےایکشن کی درستگی کے لیے سخت محنت کی اورامید ہے کہ وہ کرکٹ فیلڈ میں کم بیک کریں گے، تاہم ورلڈکپ میں ان کی شمولیت کا امکان ففٹی ففٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ تھری ڈی ٹیسٹنگ میں پاس ہوگئے تو انھیں آئی سی سی کے پاس بھیجا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انسداد کرپشن کوڈ میں تبدیلی سے محمد عامرکو فائدہ ہوگا اور پی سی بی جلد ہی عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے کے حوالے سے آئی سی سی سے اپیل کرے گا۔
شہریار خان کے مطابق جلد اپیل دائر کرنے کے لیے کاغذات تیار کیے جا رہے ہیں جبکہ سلمان بٹ اور محمد آصف کے لیے فی الحال اپیل نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی فتح شاندار ہے جس پر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچنگ سٹاف بھی مبارکباد کا مستحق ہے اور شاندار کھیل پیش کرنے پر مصباح الحق اور یونس خان کو پندرہ، پندرہ لاکھ روپے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی لاکھوں روپے انعام دیے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نجم سیٹھی کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا صدر بننے کا فائدہ پاکستان کو ہوگا ۔