راشن کی تقسیم میں بدنظمی، آئی ڈی پیز کا احتجاج
بنوں : بنوں کے آئی ڈی پیز کیمپ میں راشن کی تقسیم کے دوران بد انتظامی کے خلاف شمالی وزیرستان کے متاثرین نے شدید احتجاج کیا۔
مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کے دوران کئی عارضی طور پر بنائے گئے خیموں کو جلا دیا جبکہ پولیس کی لاٹھی چارج سے 10افراد زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر-ون کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد ہجرت کرکے بنوں اور قریبی علاقوں میں پناہ گزین کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ستائے اور گھروں سے دور آئی ڈی پیز نے پہلے اسپورٹس کمپلیکس پر پتھراؤ کیا اور پھرعارضی پناہ گاہوں جلا دیا۔
کچھ مظاہرین کا غصہ جلاؤ گھیراؤ کے بعد بھی ٹھنڈا نہ ہوا تو انہوں بنوں پشاور سڑک پر اینٹوں کا ڈھیر لگا کر ٹریفک معطل کردی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج شروع کیا تو مظاہرین اور بھڑک گئے اور پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا۔
ہجوم کے مشتعل ہوجانے کے بعد پولیس کو بھی الٹے پاؤں بھاگنا پڑا۔
پولیس کے لاٹھی چارج سے 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔