پاکستان

بنوں: آئی ڈی پیز کی رہائی کیلئے ماروی میمن کا دھرنا

دوسری جانب گرفتاریوں کا نوٹس لے کر آئی جی خیبر پختونخوا نے متاثرین کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے کی ہدایت کردی ۔
|

بنوں : حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی رہنما ماروی میمن نے شمالی وزیرستان کے گرفتار آئی ڈی پیز کی رہائی کے لیے بنوں جیل کے سامنے دھرنا دے رکھا ہے۔

یاد رہے کہ پولیس نے دو دن قبل بنوں کے آئی ڈی پیز کیمپ میں راشن کی تقسیم کے دوران ہنگامہ آرائی پرکئی آئی ڈی پیزکوگرفتارکیا تھا۔

جمعرات کو ہونے والے ہنگامے میں آئی ڈی پیزنے اسپورٹس کمپلیکس میں جلاؤ گھیراؤ کرنے کے ساتھ پولیس پرشدید پتھراؤ بھی کیا تھا۔

مشتعل آئی ڈی پیزکو قابو کرنے کے لیے پولیس کو نہ صرف لاٹھی چارج بلکہ ہوائی فائرنگ کا بھی سہارا لینا پڑا تھا۔


مزید پڑھیں: راشن کی تقسیم میں بدنظمی، آئی ڈی پیز کا احتجاج


ماروی میمن کا مطالبہ ہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کوفوری طورپررہا کیا جائے۔

ڈان نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مثاہرین نے پر امن احتجاج کیا، لیکن ان پر گولیاں چلائی گئیں ۔

انھوں نے سوال کیا کہ 'کیا یہ نیا پاکستان ہے؟'

(ن) لیگ رہنما کا کہنا تھا کہ جب مظاہرین نے دیکھا کہ پولیس رشوت لے رہی ہے اور انھیں اندر جانے نہیں دیا جارہا تو وہ احتجاج کے علاوہ اورکیا کرتے۔

ماروی میمن کا کہنا تھا کہ 'مجھے کسی کنٹینر کی ضرورت نہیں، حالانکہ یہاں کافی ٹھنڈ ہوتی ہے،لیکن میں یہاں بیٹھی رہوں گی'۔

'جب میں سندھ کے لیے سندھ کے فٹ پاتھوں پر بیٹھ سکتی ہوں تو میں یہاں ان کے لیے بھی بیٹھ سکتی ہوں'۔

بنوں جیل کے باہر آئی ڈی پیز کی رہائی کے لیے دھرنا دینے والی (ن) لیگ کی رہنما ماروی میمن کا کہنا تھا کہ ان کی ہوم سیکریٹری سے ملاقات بھی ہوئی ہے، تاہم وہ آئی ڈی پیز کی رہائی تک دھرنا جاری رکھیں گی۔

دھرنے میں (ن) لیگ کےمقامی رہنما نذیرخان بھی شریک ہیں۔

واضح رہے کہ ماروی میمن وزیراعظم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پرجمعہ اورہفتے کی درمیانی شب بنوں پہنچی تھیں۔

دوسری جانب بنوں میں آئی ڈی پیز کی گرفتاریوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی نے ڈی آئی جی بنوں کو شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے ۔

انھوں نے اس واقعے کی خودمختارانکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔