Dawn News Television

شائع 23 نومبر 2014 01:45pm

چین میں زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہو گئی

بیجنگ: جنوب مشرقی چین میں آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہو گئی جہاں زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

ہفتہ کو چین کے صوبے سیچوان کے شمال مغرب میں واقع کینگ ڈنگ سے 39 کلو میٹر دور آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم ابتدائی طور پر دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

اتوار کو چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حادثے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں سے چھ کی حالت نازک ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو کامیابی سے بچا لیا گیا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی نے ریسکیو آپریشن کی تازہ صورتحال کی تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم ایجنسی کے مطابق نو گھنٹے تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد ایمرجنسی سروسز نے زخمی ہونے والے تمام افراد کو کامیابی سے بچا لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز تگونگ تھا جس میں تقریباً 80 ہزار افراد متاثر ہوئے اور 25 ہزار گھر متاثر ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے چھ فوجی طیاروں، 60 میڈیکل اسٹاف اور ایک فوجیوں کو تیار رکھا گیا تھا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 14 کلو میٹر تھی۔

یاد رہے کہ مئی 2008 میں چین کے علاقے سچوان میں آنے والے 7.9 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Read Comments