دنیا

نائیجریا: جمعے کی نماز میں خود کش حملے، 120 افراد ہلاک

دو خود کش حملوں کے بعد مسلح افراد نے بچ جانے والے افراد پر فائرنگ کردی، 270 افراد زخمی بھی ہوئے۔

کانو: نائیجریا میں جمعے کی نماز کے دوران دو خودکش حملہ آوروں نے خود کو بارودی مواد سے اڑالیا جس کے نتیجے میں کم از کم 120 افراد ہلاک جبکہ 270 سے زائد زخمی ہوگئے۔

نائیجریا کے شمال میں واقع مسلم اکثریتی شہر کانو میں ہونے والے دھماکے میں شہر کی جامع مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ مسجد نائیجیریا کے دوسرے سب سے بڑے عالم محمد سونوسی دوئم کے محل کے ساتھ منسلک ہے جنہوں نے گزشتہ ہفتے عوام کو بوکو حرام کے خلاف ہتھیار اٹھانے پر زور دیا تھا۔

یہ حملہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب جمعے کو ہی شہر میدوگری میں ایک مسجد میں بم دھماکے کی کوشش ناکام بنادی گئی جبکہ پانچ روز قبل دو خاتون خودکش بمباروں نے شہر میں خودکش حملوں کے دوران 45 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

قومی پولیس ترجمان ایمینوئل اوجکوا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ خود کش بمباروں نے ایک کے بعد ایک خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا جبکہ بعد میں مسلح افراد نے خود کش حملوں سے بچ جانے والے افراد پر فائرنگ کردی۔

انہوں نے واقعے میں مرد یا خواتین خود کش بمباروں کے ملوث ہونے پر لاعلمی ظاہر کی اور کہا کہ وہ مسلح افراد کی درست تعداد نہیں بتاسکتے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ غصے سے بھرے ہجوم نے بعد میں چار شوٹرز کو ہلاک کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق انہیں آگ لگائی گئی تھی۔

اے ایف پی کے ایک رپورٹ نے مرتلہ محمد اسپیشلسٹ ہسپتال میں 92 لاشوں کی گنتی کی تھی جو زیادہ تر لڑکے یا آدمی تھے ۔

تاہم رات تک سینئر ریسکیو افسران نے واقعے میں کم از کم 120 افراد کی ہلاکت اور 270 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔