تیس نومبر کا جلسہ: عوامی تحریک شریک نہیں ہوگی
لاہور: پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی) اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سمیت دیگر اتحادی جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 30 نومبر کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ہفتے کو لاہور میں پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔
جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 30 نومبر کو تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس کے بعد عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 'ہم پی ٹی آئی کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہیں، تاہم 30 نومبر کے جلسے کے اغراض و مقاصد واضح نہیں ہیں'۔
خرم نواز گنڈاپور کا کہنا تھا کہ 'پی ٹی آئی کے وفد نے ہمیں اعتماد میں لینا تھا مگر وہ ملاقات کے لیے نہیں آئے'۔
لہذا مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سمیت دیگر اتحادی جماعتوں نے بھی تیس نومبر کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔