دنیا

'پاکستانی سٹیٹ ایکٹرز انڈیا کو غیر مستحکم کر رہے ہیں'

پاکستان اب بھی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کی معاونت کر رہا ہے، انڈین وزیر داخلہ کا الزام۔
Welcome

نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان کے 'سٹیٹ ایکٹر' ان کے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سنگھ نے یہ الزام ہفتہ کو ایک سیکورٹی کانفرنس میں لگایا، جہاں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب بھی کشمیر میں انڈین فورسز سے لڑنے والے عسکریت پسندوں کی معاونت کر رہا ہے۔

سنگھ نے رواں ہفتہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں آرمی پیٹرول ٹیم پر ہونے والے ایک گوریلا حملہ کا ذکر کیا ۔اس حملہ میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

'بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان نے اپنی اصلاح نہیں کی'۔

انہوں نے پاکستان کی انٹر سرورسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو 'سٹیٹ ایکٹرز' میں سے ایک قرار دیا جو انڈیا کی سیکورٹی غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے۔

'مجھے یہ کہنے میں ہچکچاہٹ نہیں کہ انڈیا کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں پاکستانی سٹیٹ ایکٹرز کا ہاتھ ہے'۔

سنگھ نے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا کہ پاکستان عسکریت پسندوں کو لگام دے۔

سنگھ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب حال ہی میں سارک کانفرنس ختم ہوئی ہے۔

کانفرنس میں پاک-انڈیا دشمنی باقی معاملات پر حاوی رہی۔

1989 سے آزادی یا پھر پاکستان سے الحاق کیلئے درجنوں کشمیری گروپ انڈین فورسز سے نبرد آزما ہیں۔

تنازعہ کشمیر کی وجہ سے اب تک ہزاروں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

سنگھ نے ہندوستانی نوجوانوں کے داعش میں شمولیت پر بھی تشویش ظاہر کی۔

انڈیا میں حکام جمعہ کو مشرق وسطی سے واپس لوٹنے والے 23 سالہ ممبئی کے ایک نوجوان سے تحقیقات کر رہے ہیں ۔

انڈین پولیس نے نوجوان کے بارے میں خیال ظاہر کیا ہے کہ وہ تقریباً چھ مہینوں تک داعش کے لیے لڑتا رہا ہے۔