دنیا

ہندوستان: اسکول بس، ٹرین کی ٹکر، 5 بچے ہلاک

اترپردیش میں پیش آنے والے حادثہ میں ڈرائیور سمیت 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔

لکھنئو: شمالی ہندوستان میں ایک اسکول بس اور ٹرین میں ٹکر کے نتیجے میں پانچ بچے ہلاک ہوگئے۔

ریاست اترپردیش میں پیش آنے والے اس واقعے میں ڈرائیور سمیت 13 افراد زخمی بھی ہوئے، جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ضلع کے ایک افسر اطلاعات جتندر پرتاپ نے خبر رساں ادارے اے ایف کو بتایا کہ جمعرات کی صبح انتہائی دھند کے باعث حادثہ پیش آیا۔

حادثے کا شکار ہونے والی بس میں پرائمری جماعت کے قریباً 20 بچے سوار تھے۔

ہندوستان کی سڑکوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور یہاں اس طرح کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔

حکومتی اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برس مختلف ٹریفک حادثات میں تقریباً 166,506 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان حادثات کی وجوہات میں سڑکوں کی خستہ حالی، غیر تربیت یافتہ ڈائیورز کی اکثریت اور غیرمحتاط ڈرائیونگ سرفہرست ہیں۔

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے حالیہ دنوں میں سڑکوں پر سفر محفوظ بنانے کے لیے قانون سازی کی کوشش تو کی مگر اس پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو سکا۔