Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2014 03:18pm

ٹینس اور بولی وڈ

دنیائے ٹینس کے سپر اسٹار روجر فیڈرر آج کل ہندوستان میں عام پرستاروں کے ساتھ ساتھ بولی وڈ اسٹارز کی توجہ کا بھی مرکز بن گئے ہیں۔

انٹرنیشنل ٹینس پریمیئر لیگ (آئی پی ٹی ایل) میں شرکت کے لیے دہلی میں مقیم روجر فیڈرر نے بولی وڈ کے چند بڑے ناموں کو اپنی جانب کھینچ لیا ہے جن میں اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، اکشے کمار، دپیکا پڈوکون اور عامر خان سمیت دیگر شامل ہیں۔

ان سب اسٹارز نے ایک نمائشی میچ کے دوران سترہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے سوئس کھلاڑی سے مقابلہ کرنے کی بھی کوشش کی۔

ہندوستان آمد کے بعد روجر فیڈرر شاندار استقبال سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور انہوں نے لیگ کے اندر اپنی ٹیم کو کامیابیاں بھی دلائی ہیں تاہم ان کا پرستاروں کے ساتھ عاجزانہ رویہ سب کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

گزشتہ دنوں انہوں نے دپیکا پڈوکون کے ساتھ مل کر نوواک جوکووچ اور ثانیہ مرزا کی ٹیم کا مقابلہ کیا۔

اسی طرح مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے بھی روجر فیڈرر کے ساتھ مل کر ڈبلز گیم کا مزہ لیا بلکہ وہ تو ٹینس کی دنیا کے اس عظیم کھلاڑی کو کچھ مشورے دینے کی کوشش کرتے رہے۔

واضح رہے کہ روجر فیڈرر نے 17 مرتبہ گرینڈ سلیم جیتا اس میں کوئی شک نہیں کہ انہوں نے 17 مرتبہ ومبلڈن، 5 مرتبہ یو ایس اوپن، 4 مرتبہ آسٹریلین اور ایک مرتبہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتا ہے۔

وہ مجموعی طور پر 302 ہفتے عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی رہے ہیں جو کہ سوئس کھلاڑیوں میں سے کسی کھلاڑی کا منفرد ریکارڈ ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے دس مرتبہ مسلسل گرینڈ سلیم کا اعزاز سمیٹنے کا ریکارڈ بھی بنایا ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق روجر نے اس کورٹ میں 75 ملین ڈالر سے زائد رقم کمائی ہے۔

2008 کے اولمپک کھیلوں میں انہوں نے سونے کا تمغہ جیتا اور جس سج دھج سے وہ میدان میں اترتے ہیں اور جس وقار سے کھیلتے ہیں یہ انداز بہت کم کھلاڑیوں کو نصیب ہوتا ہے۔

Read Comments