Dawn News Television

شائع 16 دسمبر 2014 03:43pm

بولی وڈ اسٹارز کی پسندیدہ ترین گاڑیاں

بولی وڈ اسٹارز کی پسندیدہ ترین گاڑیاں


بولی وڈ اداکاروں کے بارے میں ایسا کیا ہے جو ان کے پرستار جاننے میں دلچسپی نہ رکھیں، ان کی فلموں سے لے کر ان کی ذاتی زندگی، ان کے فیورٹ کلرز، کھانے، ان کی عادتیں حتیٰ کہ ان کی زندگی سے جڑے حقائق اور حیرت انگیز چیزوں کے بارے میں جاننا بھی ان کے مداح اپنا حق سمجھتے ہیں۔

اس حوالے سے ہم بھی کافی معلومات آپ تک نت نئے انداز یا طریقوں سے پہنچاتے ہیں جو یقیناً آپ کے لیے کافی دلچسپی کا باعث بنتی ہوں گی اس بار بھی ہم کچھ ایسا ہی نیا پن لے کر آئے ہیں۔

جناب اس بار آپ اپنے پسندیدہ اسٹارز کی گاڑیوں کے بارے میں جان سکیں گے کہ فلمی دنیا سے ہٹ کر وہ اپنے سفر کے لیے کس قسم کی سواریوں یا کن چیزوں پر جانا پسند کرتے ہیں مزید جاننے کے لیے آپ یہ فیچر دیکھئے جس میں آپ کے فیورٹ اسٹارز کی گاڑیوں کے ماڈلز آپ کو حیرت میں مبتلا کرنے کے ساتھ معلومات فراہم کرنے کا بھی ذریعہ بن سکیں گے۔


سلمان خان


سلمان خان کے پاس گاڑیوں کی کوئی کمی نہیں مگر حالیہ برسوں کے دوران ان کے اندر ایک نئے شوق کا اظہار زیادہ نمایاں طور پر سامنے آیا ہے اور وہ ہے اسپورٹس بائیک کا۔

انہیں سوزوکی دنیا کی سب سے تیز رفتار اسپورٹس بائیکس کے ساتھ گھومتے ہوئے دیکھا جاتا ہے حالانکہ ان کے پاس اوڈی کیو 7، رینج روور اور بی ایم ڈبلیو ایکس 6 بھی ہے مگر وہ بائیکنگ کا شوق زیادہ رکھتے ہیں۔


اجے دیوگن


اجے دیوگن شاہانہ انداز سے سفر کو پسند کرتے ہیں اور گاڑیوں سے انہیں محبت ہے، یہ معروف اداکار پہلے ممبئی کی پُرہجوم سڑکوں پر ایک آئی 20 نامی گاڑی میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے تھے۔

مگر جب کوئی شخص آسائشات کا عادی ہوجاتا ہے تو اس کے لیے نت نئے ماڈلز سے منہ موڑنا مشکل ہوجاتا ہے اور یہی اجے دیوگن نے کیا جنھوں نے ایک منی کوپر خرید لی جس میں وہ اب شاہانہ انداز کے ساتھ سفر بھی کرپاتے ہیں اور بروقت ہر جگہ پہنچنے میں کامیاب بھی رہتے ہیں۔


سیف علی خان


سیف علی خان بڑی گاڑیوں کے شوقین ہیں اور ان کے پاس دنیا کی مہنگی ترین گاڑیاں بھی ہیں۔ انہیں اپنی دو گاڑیاں بہت پسند ہیں ایک ٹویوٹا لینڈ کروزر اور رینج روور اسپورٹ جن کے ذریعے وہ ہر طرح کے راستوں پر سکون کے ساتھ سفر کرپاتے ہیں۔


امیتابھ بچن


امیتابھ بچن کے پاس تو لگژری گاڑیوں کا پورا بیڑہ ہے اور وہ بھی مہنگی سے مہنگی ترین جن کا نظارہ دیکھنے والوں کو حیران کردیتا ہے۔ بگ بی پہلے بینٹلے ارنیج آر استعمال کرتے تھے مگر اب وہ سفر کے لیے رولس روئس فینٹم کو ترجیح دیتے ہیں جس کی قیمت ساڑھے چار کروڑ روپوں سے زائد ہے۔


کنگنا رناوت


کنگنا نے اپنی 21 ویں سالگرہ کے موقع پر بی ایم ڈبلیو 7 سیریز کی گاڑی خریدی تھی، خود ان کے اپنے الفاظ میں یہ بہت باسہولت اور بڑی گاڑی ہے جس میں سفر کرنا انہیں بہت پسند ہے۔


دیا مرزا


یہ خوبصورت اداکارہ لیکسز ایل ایکس ایس یو وی کی سواری کا مزہ لیتی ہیں۔


بپاشا باسو


بپاشا باسو کو بڑی گاڑیاں زیادہ پسند نہیں تاہم ان کی چھوٹے سائز کی گاڑیاں بھی قیمت کے حوالے سے بہت بڑی ہوتی ہیں۔ آج کل یہ بنگالی حسینہ نئی بیٹلے کار کو چلانے میں لطف محسوس کرتی ہیں جسے انہوں نے "بریڈ" کا نام دے رکھا ہے۔


پریانکا چوپڑا


پریانکا چوپڑا ایک پورشے کینی اور مرسڈیز ایس کلاس جیسی گاڑیوں کی مالک ہیں، بولی وڈ میں بہت کم اسٹار ہی پورشے کی ملکیت رکھتے ہیں اور یہ انتخاب پریانکا کو دیگر سے بالکل منفرد کرتا ہے۔

اس گاڑی کی قیمت 73 لاکھ سے شروع ہو کر ایک کروڑ 63 لاکھ تک جاتی ہے۔


ابھیشیک بچن


ابھیشیک بچن نے گزشتہ دنوں اوڈی اے ایٹ ایل کو خریدا تھا جس کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زائد تھی اور اس طرح وہ مہنگی ترین گاڑیوں کے مالک اداکاروں میں شامل ہوگئے۔


کرینہ کپور


کرینہ کپور ایک لیکسز ایل ایکس 470 اور مرسڈیز بینز ایس کلاس گاڑی کی ملکیت سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ کرینہ نے لیکسز تو بیرون ملک سے درآمد کی تاہم ان کی ایس کلاس مرسڈیز ہندوستان میں اسمبل ہونے والی مہنگی ترین گاڑی ہے جس کی ریٹیل قیمت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔


سنجے دت


سنجے دت بولی وڈ میں گاڑیوں کا سب سے بہترین ذخیرہ رکھتے ہیں۔ بولی وڈ کے اس کھل نائیک کے پاس رولس رائس فینٹم، اوڈی اے ایٹ، اوڈی آر ایٹ، اوڈی کیو سیون، رینج روور اسپورٹ، بینٹلے کانٹینینٹل اور ایک فراری 599 جی ٹی بی ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس ایک ہارلے ڈیوڈسن فیٹ بوائے اسپورٹس بائک بھی ہے۔


عمران خان


عمران خان کو بولی وڈ میں آئے زیادہ عرصہ نہیں گزرا مگر پھر بھی وہ چار انتہائی زبردست گاڑیوں کے مالک بن چکے ہیں۔ ان میں ایک پورشے کینی، بی ایم ڈبلیو تھری سیریز، واکس ویگن بیٹلے اور فراری کیلیفورنیا قابل ذکر ہیں۔


شاہد کپور


شاہد کپور بڑی گاڑیوں کے شوقین ہیں تاہم اسپورٹس بائکس چلانا بھی ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ ان کے پاس ایک رینج روور اور ایک جیگوار ایکس کے آر ایس ہے جن کی مالیت ایک، ایک کروڑ سے زیادہ ہے جبکہ ان کے پاس ایک ہارے ڈیوڈسن فیٹ بوائے بائک بھی ہے۔


شاہ رخ خان


بولی وڈ کے کنگ خان بی ایم ڈبلیو کے پرستار ہیں، ان کی بیوی ایک سکس سیریز کی بی ایم ڈبلیو چلاتی ہیں تو شاہ رخ خود عام طور پر سیون سیریز کی گاڑی میں نظر آتے ہیں۔ اس گاڑی کی لاگت ایک کروڑ سے زائد ہے جبکہ اس سے ہٹ کر بھی شاہ رخ کے پاس اوڈی اے سکس اور بینٹلے کانٹینیٹل جی ٹی بھی ہے۔


جان ابراہم


جان ابراہم کے پاس ایک اوڈی کیو سیون ہے مگر وہ موٹرسائیکلیں چلانا زیادہ پسند کرتے ہیں، وہ اکثر یاماہا آر ون سپر بائک پر نظر آتے ہیں جس کی قیمت تیرہ لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔


کترینہ کیف


کترینہ کیف کی پسندیدہ گاڑی اوڈی کیو سیون ہے جو دیگر بیشتر بولی اسٹارز کی بھی فیورٹ ہے۔ اس گاڑی کی قیمت سترہ لاکھ کے لگ بھگ ہے تاہم یہ رفتار کے حوالے سے مرسڈیز اور بی ایم ڈبلیو جیسی گاڑیوں کا مقابلہ کرتی نظر آتی ہے۔


ریتک روشن


ریتک روشن ایک پورشے نائن ون ون چلانے کے شوقین ہیں، یہ سپر کار ساڑھے تین میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتی ہے اور سکس سلینڈر انجن والی اس گاڑی کی قیمت ایک کروڑ بائیس لاکھ روپے ہے۔


عامر خان


عامر خان کے پاس ایک رولس روئس گھوسٹ ہے، اس گاڑی کی قیمت تین کروڑ روپے سے زیادہ ہے جس کا انداز اور خوبصورتی بے مثال ہے۔

Read Comments