دنیا

جموں کشمیر میں گورنر راج نافذ

ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں گورنر راج لگا دیا گیا ہے جس کا آٹھ جنوری سے اطلاق ہو گیا ہے۔

نئی دہلی: ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں گورنر راج لگا دیا گیا ہے جس کا آٹھ جنوری سے اطلاق ہو گیا ہے۔

بدھ کی رات ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے قائم مقام وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گورنر این این وورا سے ملاقات کر کے انہیں کہا تھا کہ وہ قائم مقام وزیر اعلیٰ کے عہدے پر مزید کام نہیں کر سکتے جس کے بعد گورنر راج لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

23 دسمبر کو جاری ریاست کے انتخابی نتائج کے مطابق کوئی بھی اکثریت حاصل نہیں کر سکی جبکہ کامیاب جماعتیں پاور شیئرنگ فارمولے پر رضامند نہیں ہو سکیں جس کے بعد ریاست میں بحران پیدا ہو گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ کے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد یہ بحران مزید شدت اختیار کرگیا اور وزیر اعلیٰ کی عہدے سے دستبرداری کے بعد سے آئین کا سیکشن 92 لاگو ہو گیا جس کے تحت ریاست کے اختیارات گورنر کو منتقل ہو گئے ہیں۔

گورنر راج صدر پرناب مکھرجی کی ہدایت پر نافذ کیا گیا ہے۔

گورنر این این وورا نے صدر پرناب مکھرجی کو ریاست کے موجودہ حالات گورنر راج لگانے کی تجویز دی تھی۔

ہندوستانی وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق جیسے ہی ریاست میں کسی حکومت کا قیام عمل میں آئے گا، اسی وقت گورنر راج فوری طور پر ختم ہو جائے گا۔