ملک بھر میں 9 فوجی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں نو فوجی عدالتوں کے قیام کے سلسلے میں کام شروع کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر ترجمان نے ایک اعلامیے میں بتایا کہ پنجاب میں تین، خیبرپختونخوا میں تین، سندھ میں دو اور بلوچستان میں ایک فوجی عدالت قائم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق یہ عدالتیں جلد کام کرنا شروع کریں گی۔
خیال رہے کہ منگل کے روز اکیسویں ترمیم کو قومی اسمبلی و سینیٹ نے منظور کیا تھا جس میں آرمی ایکٹ میں بھی ترامیم کی گئی تھیں۔
بدھ کے روز صدر ممنون حسین کے دستخط کے بعد اکیسویں ترمیم باقاعدہ قانون کی حیثیت اختیار کرگئی۔
16 دسمبر 2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر ہشت گردوں کے حملے بعد سزائے موت پر غیر اعلانیہ پابندی کو ختم کر دیا گیا
اسی واقعے کے بعد گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کو فوری سزاؤں کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام کے معاملے نے بھی سر اٹھایا۔