Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 جنوری 2015 02:21am

راولپنڈی: امام بارگاہ کے قریب بم دھماکا، 8 افراد ہلاک

راولپنڈی: پنجاب کے شہر راولپنڈی میں امام بارگاہ عون محمد رضوی کے قریب بم دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق، جمعہ کو چٹیاں ہٹیاں میں ہونے والے دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پولیس افسر راجہ عبدالرشید نے اسے خود کش حملے قرار دیا، تاہم بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق مبینہ خود کش بمبار نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم روکے جانے پر اس نے خود کو اڑا لیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حملے کے بعد علاقے کی چیکنگ کے دوران امام بارگاہ کے قریب سے پانچ کلو وزنی بم برآمد کرتے ہوئے اسے ناکارہ بنا دیا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے حملے کی رپورٹ طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ایسے واقعات پاکستانیوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے'۔

دھماکے کے وقت امام بارگاہ میں محفل میلاد جاری تھی۔

راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دھماکے کی مذمت کی جبکہ شیعہ علما کونسل نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔

تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

Read Comments