Dawn News Television

شائع 07 فروری 2015 12:58pm

مولانا صوفی محمد پر فرد جرم عائد

پشاور: کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد پر بغاوت کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فرد جرم عائد کردی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوزکے مطابق ہفتے کو مولانا صوفی محمد کے خلاف بغاوت کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پشاور جیل میں کی۔

سماعت کے دوران کالعدم تنظیم کے سربراہ مولانا صوفی محمد پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

واضح رہے کہ مولانا صوفی محمد نے گراسی گاؤں میں ایک تقریر کے دوران جمہوریت اور جمہوری حکومت کو غیرجمہوری اورغیر اسلامی قرار دیا تھا، جس کی بنیاد پر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تاہم مولانا صوفی محمد نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

دوسری جانب مذکورہ کیس کی سماعت21 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ صوفی محمد کو سوات کی عدالت نے گیارہ مقدمات میں بری کردیا ہے جبکہ دیگر مقدمات کی سماعت پشاور میں ہو رہی ہے ۔

مولانا صوفی محمد کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملا فضل اللہ کے سسر بھی ہیں۔

Read Comments