پاکستان

آزاد کشمیر میں 'کھلونا بم' پھٹنے سے 2 بچے ہلاک

گاؤں کھرل ملدیالاں کے 7 سالہ معید اور 5 سالہ شبانہ اسکول سے واپسی پرجھاڑیوں سے ملنے والا کھلونا بم گھر لے آئے تھے۔

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے گاؤں کھرل ملدیالاں میں کھلونا بم پھٹنے سے دو کم سن بہن بھائی ہلاک جبکہ بچوں کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں۔

باغ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ریاض مغل نے بتایا کہ گاؤں کھرل ملدیالاں کے رہائشی عبدالمجید کے پرائمری سکول میں زیر تعلیم بچے سات سالہ معید اور پانچ سالہ شبانہ سکول سے واپس آ رہے تھے کہ جھاڑیوں سے ملنے والا کھلونا بم اٹھا کر گھر لے گئے۔

گھر کے برآمدے میں کھیلتے ہوئے بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دونوں بچے ہلاک ہو گئے جبکہ بچوں کی والدہ شدید ذخمی ہو گئی۔

زخمی خاتون کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال باغ منتقل کردیا گیا۔