پاکستان

مستونگ: سابق گورنر بلوچستان کے تین رشتے دار اغوا

مہراللہ مگسی اور دیگر دو افراد کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ گزشتہ روز دھماکے میں ہلاک ہونے والی اپنی بیٹی کی لاش کو تدفین کے لیے لے کر جا رہے تھے۔

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسلح افراد نے سابق گورنر بلوچستان ذولفقار مگسی کے تین رشتے داروں کو اغوا کر لیا ہے۔

لیویز ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ مسلح افراد نے ضلع مستونگ کی تحصیل دشت سے سابق گورنر بلوچستان کے رشتے داروں مہراللہ مگسی اور دیگر دو کو ضلع مستونگ کے اغوا کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ تینوں قبائلی افراد جھل مگسی سے کوئٹہ واپس آرہے تھے کہ دشت کے مقام پر نامعلوم افراد نے انہیں اغوا کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بدقسمت مہراللہ مگسی کی بیٹی گزشتہ روز سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں ہلاک ہو گئی تھیں اور مگسی کو جب اغوا کیا گیا اس وقت وہ تدفین کے لیے اپنی بیٹی کی لاش کو لے کر جا رہے تھے۔

لیویز اور پولیس نے مگسی قبیلے کے افراد کی بازیابی کے لیے علاقے میں مشترکہ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس وقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔