Dawn News Television

شائع 25 اپريل 2015 08:16pm

ہزار بیماریوں کی ایک جڑ

کیا آپ ہر وقت تھکان کا شکار رہتے ہیں یا آپ کو لگتا ہے کہ موٹاپا آپ کو اپنا شکار بنا رہا ہے ؟ اگر ہاں تو اس کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ آپ کی اپنی سستی ہے۔

جی ہاں ایک نئی امریکی طبی تحقیق کے مطابق ہزار بیماریوں کی جڑ ایک ہی ہے اور وہ اپنا زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارنا۔

وسکنسن میڈیکل کالج کی تحقیق کے مطابق ہمارے سست طرز زندگی اور خراب صحت کے درمیان تعلق کے ٹھوس شواہد ملے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ اپنا زیادہ تر وقت کرسی پر گزارتے ہیں ان میں ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ 112 فیصد، شریانوں کے مسائل کے باعث بیماریاں جیسے فالج وغیرہ کا خطرہ 147 فیصد اور کسی بھی وجہ سے موت کا خدشہ 49 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ہائی کولسیٹرول، کمر کے نچلے حصے میں درد، آنتوں کا کینسر اور خون کی روانی کی رفتار میں کمی وغیرہ بھی اس سے جڑے چند مسائل ہیں۔

محققین کا تو کہنا ہے کہ بہت زیادہ بیٹھنے والے افراد جتنی بھی زیادہ ورزش کرنے کے عادی ہو ان کو ان خطرات کا سامنا بدستور رہتا ہے۔

درحقیقت اگر کوئی فرد ایک گھنٹہ بھی بیٹھتا ہے تو خون کی شریانوں میں چربی کی سطح میں 14 فیصد اضافہ ہوتا ہے اور کچھ دیر کی ورزش سے اس کے نقصانات کی تلافی نہیں ہوپاتی۔

Read Comments