کراچی: رینجرز سے مقابلے میں 4 'دہشتگرد' ہلاک
کراچی: شہر قائد کے علاقے پاک کالونی، پرانا گولیمار میں رینجرز اور مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔
سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ہفتے کو رینجرز نے پاک کالونی میں پرانا گولیمار کے قریب سرچ آپریشن شروع کیا تو مبینہ دہشت گردوں نے رینجرز پر فائرنگ شروع کردی۔
رینجرز کی جوابی کارروائی میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے وابستہ بابل بلوچ عرب بابل ڈاڈا، چھوٹا ساجد، رفیق اور خالد ماندھی مارے گئے، جن کا تعلق مبینہ طور پر لیاری گینگ وار سے بتایا جارہا ہے۔
کارروائی کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق یہ 'دہشت گرد' ملک دشمن سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
ستمبر 2013 میں شہر کا امن لوٹانے اور کراچی کو دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد اور مافیا سے آزاد کرانے کے لیے پولیس اور رینجرز کے مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔
جبکہ حال ہی میں کراچی پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق جنوری سے اپریل 2015ء کے چار مہینوں کے دوران 584 ’انکاؤنٹرز‘ میں دہشت گردوں، اغواکاروں اور ڈاکوؤں سمیت 234 مشتبہ افراد کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔
تاہم اس آپریشن کے باوجود اب تک شہر میں مکمل طور پر امن بحال نہیں ہوسکا ہے اور شہر میں شرپسندوں کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔