Dawn News Television

شائع 26 مئ 2015 12:09am

افغانستان میں دولت اسلامیہ اور طالبان جنگجوؤں میں جھڑپیں

قندھار: ٹرک سے کیے گئے خود کش حملے اور ایک سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے افغانستان میں گیارہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق پیر کے روز ہی ملک کے مغربی حصے میں طالبان اور داعش کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

گورنر آصف ننگ کے مطابق گزشتہ تین روز سے فرح صوبے میں طالبان داعش کے حامی جنگجوؤں کے ساتھ لڑ رہے ہیں جس کے نتیجے میں طالبان کے دس جبکہ داعش کے پندرہ جنگجو مارے گئے۔

تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔زابل صوبے کی صوبائی کونسل کے دروازے پر خودکش حملے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 62 زخمی ہوگئے۔

کونسل کے ڈائریکٹر عطا جان حقبیان کے مطابق زخمی ہونے والوں میں تین افراد کونسل کے رکن ہیں جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

صوبے کے پولیس چیف میروائس نور زئی نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ایک چھوٹے ٹرک کا استعمال کیا۔ صدر اشرف غنی نے حملے کی مذمت کی ہے جس کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

گورنر کے ترجمان کے مطابق پیر کے روز ہی قندھار صوبے میں ایک سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا جس کے باعث چھ افراد ہلاک ہوئے۔

Read Comments