بولی وڈ کی 10 کامیاب فلمیں
بولی وڈ کی 10 کامیاب فلمیں
ہم سب بولی وڈ کی فلمیں دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں، اور جو بات پرانی فلموں کی تھی وہ شاید آج کے دور میں آنے والی فلموں کی نہیں ہے۔
پرانی فلموں میں اداکار نہ صرف بہترین اداکاری کے جوہر دکھاتے تھے بلکہ ان فلموں میں نہایت خوبصورت گانے بھی ہوتے تھے جو فلموں میں چار چاند لگادیتے تھے اور انہیں مدتوں یاد رکھا جاتا تھا۔ یہ فلییں کچھ ایسی ہوا کرتی تھیں کہ گھر کے تمام افراد بغیر کسی شرمندگی کے خوف کے ایک ساتھ بیٹھ کر ان فلموں سے لطف اندوز ہوا کرتے تھے جبکہ بیشتر لوگ آج بھی پرانی فلموں کو نئی فلموں پر ترجیح دیتے ہیں۔
ایسی ہی سدا بہار فلموں کی بات کی جائے تو ان میں سرفہرست 10 فلمیں ہمارے خیال میں تو یہ ہوں گی اور یقیناً آپ کی فہرست بھی اس سے زیادہ مختلف نہیں ہوگی۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے
بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور بہترین اداکارہ کاجول کی فلم 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' آج بھی بولی وڈ کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے، 1995 میں ادتیا چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم اپنی کاسٹ، اداکاری اور گانوں کی وجہ سے آج بھی لوگوں کے دلوں میں گھر کیے ہوئے ہے۔ اس فلم کے ڈائیلاگز کا استعمال لوگ آج بھی کرتے ہیں اور تقریباً 20 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی یہ شاہ رخ اور کاجول کی سب سے یادگار فلموں میں سے ایک ہے۔
ہم دل دے چکے صنم
1999 میں بننے والی بولی وڈ کی یہ فلم نہایت کامیاب رہی تھی اور یہ صرف اداکاری کے لیے ہی نہیں بلکہ سلمان اور ایشوریا کی بہترین جوڑی کی وجہ سے بھی مشہور ہوئی تھی۔ 'ہم دل دے چکے صنم' میں اداکارہ ایشوریا رائے کی خوبصورتی اور ان کے ملبوسات دیکھنے والوں کے دل میں اتر گئے تھے جبکہ سلمان خان کی اداکاری کو بھی بے حد پسند کیا گیا تھا۔
ہم آپ کے ہیں کون
سورج برجاتیا کی ہدایات میں بننے والی یہ فلم 1994 میں ریلیز کی گئی تھی۔ 'ہم آپ کے ہیں کون' بولی وڈ کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی، اس فلم کی کہانی خاندان کی اہمیت اور ایک دوسرے کے درمیان پیار محبت سے رہنے پر مبنی تھی۔ اس کی منفرد کہانی اور کاسٹ نے سب کے دل جیت لیے تھے۔ اس فلم میں اداکارہ مادھوری اور اداکار سلمان خان کی جوڑی کو نہایت پسند کیا گیا تھا اور آج بھی مداح اس فلم کو شوق سے دیکھتے ہیں۔
کچھ کچھ ہوتا ہے
1998 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایت کاری کرن جوہر نے دی تھی جبکہ اداکار شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی نے فلم میں تہلکا مچا دیا تھا۔ اس فلم میں اداکارہ رانی مکھرجی نے بھی نہایت دلچسپ کردار نبھایا تھا۔ 'کچھ کچھ ہوتا ہے' بولی وڈ کی کامیاب فلموں میں شمار کی جاتی ہے، اس فلم کی کہانی راہول اور انجلی کی دوستی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں اداکار سلمان خان نے بھی اہم کردار انجام دیا تھا۔ آج بھی ان اداکاروں کے مداحوں میں یہ فلم مقبول ہے۔
کبھی خوشی کبھی غم
اداکار شاہ رخ خان نے بولی وڈ میں متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا ہے البتہ اس فلم میں ان کے ہمراہ انڈین سینما کے بڑے اداکاروں نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ 'کبھی خوشی کبھی غم' بولی وڈ کی ایک بڑی کامیاب فلم مانی جاتی ہے جو کہ سال 2001 میں ریلیز کی گئی تھی، اس فلم میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، ریتھیک روشن، جیا بچن، کاجول اور کرینہ کپور جیسی بڑی کاسٹ نے کام کیا تھا۔
انداز اپنا اپنا
1994 میں ریلیز کی جانے والی فلم انداز اپنا اپنا سلمان اور عامر خان کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم کے مزاحیہ لمحات لوگوں کو آج بھی یاد ہیں۔ سلمان اور عامر کی جوڑی نے اس فلم میں نہایت بہترین اداکاری کی تھی جس کے بعد یہ آج بھی بولی وڈ کی بہترین فلموں میں سے ایک مانی جاتی ہے۔ اس فلم کی ہدایت راج کمار سنتوشی نے دی تھی جس کی کہانی دو دوستوں پر بنی تھی جو کہ ایک بس کے سفر کے دوران ایک دوسرے سے پہلی مرتبہ ملتے ہیں۔
دل تو پاگل ہے
یش چوپڑا کی ہدایت میں بننے والی فلم دل تو پاگل ہے شاہ رخ کی ایک اور کامیاب فلم ہے،یہ سال 1997 میں ریلیز ہوئی تھی اور ریلیز کے فوراً بعد اس فلم نے باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ اس فلم میں مادھوری اور کرشمہ نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ اس فلم میں اداکاروں کی بہترین اداکاری اور خوبصورت گانوں کو لوگ آج بھی یاد رکھے ہوئے ہیں۔
رنگیلا
رنگیلا عامر خان کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک مانی جاتی ہے جو کہ 1995 میں ریلیز کی گئی تھی، اس فلم میں ان کے ساتھ ارمیلا اور جیکی شروف نے بھی اداکاری کی تھی، اس کے گانے آج بھی لوگ بڑے شوق سے سنتے ہیں۔ ارمیلا نے اس فلم میں ایک ڈانسر کا کردار ادا کیا تھا۔
تال
تال ایشوریا اور اکشے کھنہ کی کامیاب فلم مانی جاتی ہے۔ 1999 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم اپنے بہترین گانوں اور رقص کی وجہ سے آج بھی پسند کی جاتی ہے، تال بولی وڈ کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے جس کی کہانی نہایت منفرد ہے۔ تال ایک رومانوی کہانی پر مبنی ہے۔
راجا ہندوستانی
راجا ہندوستانی عامر خان اور کرشمہ کپور کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔ 1996 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں دونوں کی اداکاری کو ان کے پرستاروں نے بے حد پسند کیا تھا۔ راجا ہندوستانی کے گانے بھی بہت زیادہ مقبول ہوئے تھے۔ اس فلم میں کرشمہ کا تعلق ایک امیر گھرانے سے تھا جبکہ عامر ایک غریب گھر کے تھے البتہ دونوں میں محبت ہوجاتی ہے۔