'پی ایس ایل کا پہلا سیزن پانچ ٹیموں پر مشتمل'
کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی گورننگ بورڈ نے ہفتے کو لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سپرلیگ آئندہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی جس کے میچز دبئی ،شارجہ اور ابو ظہبی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لیگ کے پہلے سیزن میں کراچی ،لاہور ،کوئٹہ ،پشاور اور اسلام آباد کی پانچ ٹمیں شامل ہوں گی جب کہ ہر ٹیم میں چار غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت بھی ہوگی۔
پی ایس ایل کے لیے پی سی بی ایک معروف غیر ملکی کرکٹ آرگنائزر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کوششوں میں مصروف ہے جس کا تعلق ممکنہ طور پر بگ بیش ،آئی پی ایل یا پھر کیریبئن کرکٹ لیگ سے ہوسکتا ہے۔
تاہم آئندہ سال فروری میں پہلے ہی سے شیڈول ماسٹرز کرکٹ لیگ کے انعقاد کے باعث پی سی بی کو یو اے ای میں گراؤنڈز کی عدم دستیابی اور دیگر معاملات کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔
ان معاملات کے حل کے لئے پی سی بی کی جانب سے جلد کمیٹی قائم کئے جانے کا امکان ہے جو یو اے ای جاکر انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ دو سال میں دو بار پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ملتوی کیا جاچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ڈومیسٹک ٹیموں کی تعداد کو چوبیس سے کم کرکے سولہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے درمیان رواں سال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا جس کے بعد آئندہ سال ڈیپارٹمنٹ اور ریجنز کی آٹھ آٹھ ٹیمیں ڈومیسٹک کلینڈر کا حصہ ہوں گی۔
سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے پی سی بی نے رواں سال یکم جولائی سے جون دوہزار سولہ تک نئے کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے، جس کے لیے سلیکشن کمیٹی جلد نام بورڈ کو بھجوائے گی۔