Dawn News Television

شائع 18 جون 2015 06:52pm

عمران فاروق قتل:دو مطلوب ملزم افغان سرحد سے گرفتار

کوئٹہ: بلوچستان میں پاک-افغان سرحد کے قریب متحدہ قومی موومنٹ کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

جمعرات کو فرنٹئیر کارپس ( ایف سی )کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم محسن علی اور خالد شمیم کا تعلق کراچی کی ایک سیاسی پارٹی سے ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اہم انکشافات کے بعد دونوں ملزموں کو وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا گیا۔

ایف سی نے دنوں ملزموں کو افغان سرحد کے ذریعے پاکستان داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا۔

ترجمان نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت داخلہ کو گرفتاری سے متعلق آگاہ کر دیا گیا۔

ایک سیکیورٹی افسرنے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ عمران فاروق کیس میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، دو نوں ملزم طویل عرصے سے افغانستان میں رہ رہے تھے۔

ایف آئی اے اور قلعہ عبداللہ کی ضلعی انتظامیہ نے ملزمان کو چمن سے کوئٹہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

Read Comments