خودکش بمبار کی مدد، امریکی شہری کو 7 برس قید کی سزا
لاس اینجلس: ایک امریکی شہری جس نے پاکستانی انٹیلی جنس سروس کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے خودکش بمبار کو رقم فراہم کی تھی، جمعہ کو ایک امریکی عدالت نے اسے سات برس سے زیادہ قید کی سزا سنائی۔
اس سے قبل پورٹ لینڈ اوریگون میں رہنے والے امریکی شہری ریاض قادر خان کو ایک امریکی عدالت میں دہشت گردوں کو مادّی مدد فراہم کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
اکیاون برس عمر کے ریاض قادر خان نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے مالدیپ کے شہری علی جلیل کو تقریباً 2450 ڈالرز کی رقم بھیجنے کے کا انتظام کیا تھا۔
علی جلیل نے لاہور میں 27 مئی 2009ء کو ایک خودکش حملہ کیا تھا، جس میں تیس افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔
ریاض قادر خان نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے بم حملے میں جلیل کی ہلاکت کے بعد اس کی بیویوں کو مشورہ اور مالی مدد فراہم کی تھی۔
وکیل استغاثہ کا کہنا ہے کہ ’’جلیل کی بیویوں اور دوسرے لوگوں کو روپوش ہونے اور گرفتاری سے بچنے میں اس طرح کی مدد کی فراہم کی گئی، جو حملے میں مدد کرسکتے ہیں۔‘‘