پاکستان

خراب کارکردگی پر پیسکو حکام معطل

وفاقی وزارت برائے پانی وبجلی کےمطابق یہ افسران اپنے علاقوں میں اے ٹی اینڈ سی لاسسز کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔

اسلام آباد: وفاقی وزارت برائے پانی و بجلی نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے 7 ایکس ای اینز اور 15 ایس ڈی اوز کو خراب کارکردگی کے باعث معطل کردیا ہے ۔

بدھ کے روز پیسکو کے ان افسران کو اپنے علاقوں میں مجموعی تکنیکی اور کمرشل (اے ٹی اینڈ سی) لاسسز پر قابو نہ پانے پر معطل کیا گیا۔

ان افسران کے معطلی کے احکامات ان کی گذشتہ ایک ماہ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پانی و بجلی کی وزارت کے سیکرٹری محمد یونس دوغا کی ہدایات پر کیے گئے ہیں۔

وزارت کے ترجمان ظفریاب خان نے ڈان کو بتایا ہے کہ معطل کئے جانے والے پیسکو افسران میں ایکس ای این مانسہرہ رورلز، چارسدہ، سٹی، سٹی رورلز، مردان، بنو وان اور بنو ٹو شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پیسکو کے 15 ایس ڈی اوز کو بھی معطل کیا گیا ہے جن کے علاقوں میں گذشتہ سال کے مقابلے میں اے ٹی اینڈ سی لاسسز میں 4.5 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

اس موقع پر سیکریٹری نے یہ بھی ہدایات جاری کی کہ پیسکو اگست 2015ء تک 98 سب ڈیژنز میں میٹر ریڈنگ کا کام مکمل کرلے۔

وزارت کے سیکریٹری نے بقایاجات کی وصولی کے ترغیب پیکج کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہونے اور تیسرے ادارے کی جانب سے پیسکو کے لائن لاسسز کے اعداد شمار جمع نہ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔