کوئٹہ کے بروری روڈ پر خودکش دھماکا، دو افراد ہلاک
کوئٹہ: صوبائی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی سردار بہادر یونیورسٹی کے قریب خودکش دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر واقع سردار بہادر خان یونیورسٹی کے قریب جمعہ کی شب دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکا خود کش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں سات سے آٹھ کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور کی عمر تقریباً 25 سال تھی۔
سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی نے بھی خود حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور نے ہزارہ ٹاؤن میں داخلے کی کوشش کی لیکن چوکیدار کے روکنے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور خواتین کے لباس میں ملبوس تھا۔
’خاتون کے کپڑوں میں ملبوس حملہ آور کو روکنا بہت مشکل ہوتا ہے‘۔
اکبر حسین درانی نے کہا کہ چوکیدار نے جان کا نذرانہ پیش کر کے متعدد قیمتی جانیں بچا لیں۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس، لیویز اور کانٹیبلری حکام موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور کسی کو بھی آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
ریسکیو ادارے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
دھماکے کے بعد علاقے میں شدید ٹریفک بھی جام ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ بروری روڈ کا شمار شہر کے حساس ترین علاقوں میں ہوتا ہے اور اس سے قبل بھی اس علاقے کو متعدد بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔