افغانستان میں کھلونا پستولوں پر پابندی
کابل: افغانستان نے عید الفطر کے دوران سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے بعد تشدد کاکلچر ختم کرنے کیلئے نقلی کلاشنکوف اور دوسرے پستول کھلونوں پر پابندی عائد کر دی۔
عید کے موقع پر بچوں کے ہاتھوں میں پلاسٹک کی چھوٹی گولیاں اور ربڑ فائرنگ کرنے والے کھلونا پستول عام نظر آتے ہیں۔
وزارت داخلہ نے محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کو ختم ہونے والی سہ روزہ عید کی چھٹیوں کے دوران سو سے زائد بچوں کوآنکھوں کے زخم آئے۔
جس کے بعد وزیر داخلہ نور الحق علومی نے پولیس فورس کو جسمانی اور نفسیاتی نقصان پہنچانے والےتمام ایسے کھلونے ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
افغانستان میں بچوں کو ملنے والی عیدی سے نقلی اے کے -47 اور دوسرے پستول کھلونے خریدنا رواج بن چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر پابندی کو سراہا گیا ہے۔ عبدالشہید نے فیس بک پر کہا ’یہ ایک مثبت قدم ہے جس سے بچوں کو بڑے ہونے پر اصل اسلحہ اٹھانے سے باز رکھا جا سکتا ہے‘۔