Dawn News Television

شائع 19 اگست 2015 05:18am

مائیکرو سافٹ ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کا تمغہ

سکھر:سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ایک طالب علم وقاص علی نے مائیکرو سافٹ آفس سپیشلسٹ ورلڈ چیمپئن شپ 2015 میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

میر پور ماتھیلو کے ایف ایف سی گورنمنٹ گرامر سکول کے وقاص نے امریکی ریاست ٹیکساس میں 12-9 اگست تک جاری رہنے والے ایونٹ کے دوران پاور پوائنٹ2013 میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کانسی کا تمغہ جیتنے والوں کیلئے 1500 امریکی ڈالرز، ایچ پی ٹیبلٹ اور ایک پیریٹ ڈرون کا انعام مختص تھا ۔ اس کیٹگری میں تھائی لینڈ نے پہلی جبکہ امریکا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

چیمپئن شپ کی مختلف کیٹیگریز مثلاً ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ 2010/2013 میں 127 ملکوں سے کُل 145 ذہین طلبا نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے صرف وقاص منتخب ہوئے ۔

چیمپئن شپ کے کوالی فائنگ راؤنڈ ز میں آٹھ لاکھ سے زائد طالب علموں نے حصہ لیا، جن میں سے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والوں کو ایونٹ کے فائنل راؤنڈ کیلئے ڈیلاس مدعو کیا گیا۔

خیال رہے کہ دوسرے ملک کئی سالوں سے اس چیمپئن شپ میں حصہ لیتے آ رہے ہیں اور ان ملکوں میں طلبا کی خصوصی کوچز کے ذریعے تربیت کی جاتی ہے۔

پاکستان کے وقاص نے ناصرف خود ہی اس ایونٹ کی تیاری کی بلکہ تمام اخراجات بھی خود برداشت کیے۔

Read Comments