Dawn News Television

شائع 19 اگست 2015 10:56pm

پاکستان، روس کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ

راولپنڈی: راولپنڈی میں پاکستان اور روس کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔

عسکری ذرائع کے مطابق، پاکستان اور روس کے عسکری حکام معاہدے پر دستخط کے موقع پر موجود تھے۔

معاہدے کے تحت پاکستان روس سے چار ایم آئی 35 ہیلی کاپٹرز خریدے گا۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان اور روس کے درمیان ان ہیلی کاپٹرز کی خریداری کیلئے ایک سال سے بات جاری تھی۔

یہ ہیلی کاپٹرز قبائلی علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں استعمال کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ تقریباً دو ماہ قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ روس کے دوران روس سے ان ہیلی کاپٹرز خریدنے کی ڈیل حتمی مراحل میں پہنچی تھی۔

پاکستان 2009 سے ان ہیلی کاپٹروں کو خریدنے کی کوشش کررہا ہے۔ دونوں ممالک نے گزشتہ نومبر دفاعی تعلقات بڑھانے کے لیے باہمی دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹرز کے علاوہ پاکستان دیگر روسی ہارڈ ویئر میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔

ہتھیاروں کی ڈیل کے علاوہ پاکستان اور روس ایک دوسرے کے ممالک میں اپنی فوجی تربیت کے لیے بھیجنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

حال ہی میں پاکستان اور چین کے درمیان سمندری سیکیورٹی کے لیے گشت کرنے والے بحری جہازوں کی خریداری کا معاہدہ بھی ہوا تھا ۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) اور چین کی چائنہ شپ ٹریڈنگ کمپنی (ای ایس ٹی سی) کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ایجنسی کو 6 جہاز فراہم کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ روس اپنے دیرینہ اتحادی ہندوستان کی مخالفت کے باعث پاکستان سے دفاعی تعاون کے سلسلے میں ہچکچاہٹ کا شکار رہا ہے اور ماضی میں ایک عرصے تک اس کی مخالفت بھی کی جاتی رہی ہے۔

روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی جانب واضح اشارہ ہے جہاں اس سے قبل ایک عرصے تک دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ رہے ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر قیادت نئی پاکستانی حکومت چین کے ساتھ ساتھ روس سمیت خطے دیگر ممالک سے دوستانہ تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے۔

Read Comments