Dawn News Television

شائع 28 اگست 2015 05:58pm

ایاز صادق کا ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد: لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-122 سے سابق اسپیکر ایاز صادق ہی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف سے سابق اسپیکر ایاز صادق نے ملاقات کی اور ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے پہلے سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے عزم کا اظہارکیا، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے ایاز صادق کو این اے 122 سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گزشتہ روز ہونے والے مشاورتی اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے ایاز صادق کو ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے حوالے سے پارٹی قیادت کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتجاجی سیاست نے عوام کو کچھ نہیں دیا، 2013کا مینڈیٹ حقیقی ہے اس لیے عوام سے رجوع کر رہے ہیں۔

ایازصادق کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق الیکشن لڑنے کو تیار ہیں اور پہلے سے زیادہ برتری سے الیکشن جیتیں گے۔

دوسری جانب این اے-118 رکن قومی اسمبلی ملک ریاض نے الیکشن ٹریبونل سے مقدمہ نہ سننےکی درخواست کی ہے۔

ملک ریاض کا کہنا ہے کہ کاظم علی ملک کا رویہ متعصبانہ ہے ،لہذا وہ میرا کیس نہ سنیں، مجھے کاظم علی ملک سے انصاف کی توقع نہیں۔

Read Comments