Dawn News Television

شائع 01 ستمبر 2015 11:12pm

گوگل کا نیا لوگو متعارف

نیویارک : معروف سرچ انجن گوگل نے آج اپنے پیج پر ایک ایسی نمایاں تبدیلی کی ہے جس کا اکثر افراد کا پتا بھی نہیں چلا ہوگا۔

جی ہاں گوگل نے اپنا نیا لوگو متعارف کرادیا ہے۔

گوگل بلاگ میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ سترہ برسوں کے دوران گوگل میں متعدد تبدیلیاں آئی ہیں اور ہماری مصنوعات کا ارتقاءسب نے دیکھا اور محسوس کیا اور آج ہم ایک بار پھر چیزوں کو بدلنے والے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ نیا سادہ، رنگا رنگ اور دوستانہ لوگو درحقیقت صارفین کے مختلف طریقوں کی عکاس کرتا ہے جو گوگل پر اپنے اسمارٹ فونز، اسمارٹ واچز، ٹیلیویژن، گاڑیوں یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے ذریعے کام کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گوگل نے اپنی تمام کمپنیوں کو ایک بڑی کمپنی الفابیٹ میں بدل دیا تھا جس میں گوگل سرچ انجن کو ایک ذیلی کمپنی کی حیثیت دی گئی تھی۔

گوگل کی جانب سے اس سے پہلے گزشتہ سال مئی میں لوگو بدلا گیا تھا جس میں جی اور ایل کے حروف کی پوزیشن میں تبدیلی کی گئی تھی۔

اور یہ وہ لوگو ہے جو گوگل نے منگل کو متعارف کرایا۔

یہ لوگو پرانے لوگو سے کافی مختلف ہے اور پہلے کے مقابلے میں کافی سادہ بھی ہے۔

Read Comments