دنیا

پاکستان، انڈیا کا سرحد پر 'تحمل' کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق

انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس اور پاکستان رینجرز کےسربراہان کی ملاقات میں فوری طور پرجوابی کارروائی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا

نئی دہلی: پاکستان اور ہندوستان کی سرحدی محافظ فورسز نے جمعے کے روز لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق کیا۔

انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس اور پاکستان رینجرز کے سربراہان کی نئی دہلی میں ملاقات ہوئی جس کے دوران سرحد پر تناؤ کم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران رواں سال جولائی میں تناؤ کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے نکات بھی زیر غور آئے۔

ہندوستانی وزارت داخلہ کے افسر کے مطابق دونوں سربراہان نے سرحد پار فائرنگ نہ کرنے اور فوری طور پر جوابی کارروائی نہ کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں حکومتوں کے درمیان طے پانے والے نکات کا متن پڑھتے ہوئے افسر کا کہنا تھا کہ دونوں نے فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کا جواب نہ دیا جائے اور پہلے فائرنگ کی وجہ پتہ کی جائے۔

گزشتہ کئی ماہ سے جاری اس سرحدی کشیدگی کے باعث اب تک سرحد کے دونوں اطراف متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں—رائٹرز۔