Dawn News Television

شائع 22 ستمبر 2015 09:00am

’ایل او سی پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق‘

نئی دہلی: پاکستان اور ہندوستان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جاری کشیدگی کو کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے سینیئر فوجی افسران کے درمیان جموں و کشمیر میں ایل او سی پر ہونے والی فلیگ میٹنگ کے دوران کیا گیا۔

ہندوستان کی وزارت دفاع کے ترجمان ایس این اچاریہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بریگیڈ کمانڈر سطح پر ہونے والی فلیگ میٹنگ ایل او سی کے پونچھ سیکٹر میں منعقد کی گئی تھی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ’دونوں جانب سے ایل او سی کی موجودہ کشیدہ صورت حال کو سمجھنے کی کوشش کی گئی تاکہ اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جاسکیں۔‘

ایک گھنٹہ طویل جاری رہنے والی میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی بریگیڈیئر ایچ ایس ساروین اور پاکستان کی نمائندگی بریگیڈیئر عثمان نے کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ایل او سی پر جاری کشیدگی کے دوران دونوں اطراف کی سرحدی فورسز کی جانب سے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

پاکستانی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان کی سرحدی فورسز کی جانب سے کی جانے والی سیز فائر کی خلاف ورزی کے باعث پاکستانی علاقوں میں شہریوں کی نہ صرف ہلاکتیں ہوئی ہیں بلکہ شہریوں کو بھاری مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بریگیڈ کمانڈر سطح پر ہونے والی آخری ملاقات گزشتہ سال 4 ستمبر کو، پاکستان کی جانب سے 45 روزہ سیز فائر کی خلاف ورزی کے بعد ہوئی تھی۔

Read Comments