Dawn News Television

شائع 03 اکتوبر 2015 03:19pm

سر نہ ڈھانپنے پر باپ کے ہاتھوں بیٹی قتل

بریلی: ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں بریلی کے قریب واقع ایک گاؤں میں سنگدل باپ نے کھانے کے دوران سر ڈھانپنے میں ناکامی پر مبینہ طور پر اپنی 4 سالہ بیٹی کو قتل کردیا.

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ جمعے کی دوپہر مبینہ طور پر اُس وقت پیش آیا جب 4 سالہ فرحین اپنی والدہ کے ہمراہ کھانا کھا رہی تھی کہ اس دوران اُس کے سر سے دوپٹہ ہٹ گیا. یہ دیکھ کر ملزم جعفر حسین نے اپنی بیٹی فرحین کو اٹھاکر زمین پر پٹخ دیا جس سے اُس کی موت واقع ہوگئی.

فرحین کی والدہ کے مطابق یہ واقعہ پورے خاندان کے سامنے پیش آیا اور جب انھوں نے اپنے شوہر کو روکنے کی کوشش کی تو اُس نے ان پر بھی تشدد کیا.

رپورٹ کے مطابق ملزم جعفر نے فرحین کے قتل کے بعد اپنی بیوی سے اس کی لاش کو گھر کے اندر دفن کرنے کا کہا تاہم بچی کی والدہ نے انکار کردیا.

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) بی کے سری واستاو کے مطابق فرحین کے قتل کی ایف آئی آر اس کی والدہ کی مدعیت میں درج کرکے بچی کے والد جعفر حسین کو گرفتار کرلیا گیا ہے.

ملزم کے پڑوسیوں کے مطابق جعفر حسین کی 'دماغی حالت درست نہیں ہے' اور مذہب پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی وجہ سے اُس نے تمام لوگوں حتیٰ کہ اپنے رشتے داروں سے بھی تعلقات ختم کر رکھے ہیں.

پولیس کے مطابق ملزم کا خاندان غربت کی زندگی گزار رہا ہے اور اکثر و بیشتر انھیں فاقے بھی کرنے پڑتے ہیں.

Read Comments