Dawn News Television

شائع 05 اکتوبر 2015 04:59pm

نواز شریف کی تقریر پر توہین عدالت کی درخواست

اسلام آباد: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انگریزی میں خطاب کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے.

محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 30 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تمام عالمی رہنماؤں نے اپنی قومی زبان میں خطاب کیا، لیکن وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ کے احکامات کی حکم عدولی کرتے ہوئے انگریزی میں خطاب کیا.

درخواست گزار نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے.

مزید پڑھیں:اردو کو بطور سرکاری زبان نافذ کرنے کا حکم

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ ماہ 8 ستمبر کو اردو کو سرکاری زبان کے طور پر فوری نافذ کرنے کا حکم دیا تھا.

عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو آئین کا آرٹیکل 251 فوری طور پر نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کا اطلاق ہم سب پر فرض ہے.

یہ بھی پڑھیں:سرکاری خط و کتابت اردو میں شروع

رواں برس جولائی میں جاری کیے گئے حکم نامے میں تمام محکموں اور افسر شاہی کو کہا گیا کہ وہ سرکاری احکامات و مراسلے اردو میں جاری کریں اور پہلے سے موجود دستاویزات کو بھی اردو میں ترجمہ کیا جائے۔

اس کے علاوہ اس اقدام کے ذریعے صدر، وزیراعظم اور وزراء کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اندرون ملک و بیرون اپنے خطابات اردو میں ہی کریں۔

یہ بھی پڑھیں:'صدر اور وزیراعظم بیرون ملک بھی اردو میں تقریر کریں گے'

سرکاری حکام کے مطابق یہ 1973 ء کے آئین کی شق نمبر 251 پر مکمل عمل درآمد کی جانب ایک اہم قدم ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ پندرہ سالوں میں انگریزی زبان کی سرکاری حیثیت کو اردو میں منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ اردو کو مکمل طور پر پاکستان کی سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہو۔

دوسری جانب، محکمے حکومتی آرڈر پر عمل درآمد کے حوالےسے شش وپنج میں مبتلا ہیں کیونکہ وہ مستقبل میں اردو کو سرکاری زبان بنانے میں مسائل دیکھ رہے ہیں۔

Read Comments