Dawn News Television

شائع 20 اکتوبر 2015 08:54pm

کے پی احتساب کمیشن کو ناکام بنانے کی کوششیں، عمران

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا احتساب کمیشن کے کام میں مبینہ رکاوٹیں ڈالنے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔

عمران خان نے منگل کو کہا ’بدعنوانی کے خلاف لڑائی اور احتساب کیلئے مضبوط اور آزاد ادارے پی ٹی آئی کے اہم وعدوں میں سے ایک ہے‘۔

پشاور ہائی کورٹ نے آج خیبر پختونخوا احتساب کمیشن کو عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سینیٹر ستارہ ایاز کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل (ر) لیفٹیننٹ جنرل محمد حامد خان کی ہدایات پر مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ستارہ ایاز کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ تاہم، ستارہ ایاز نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

عمران نے یاد دلایا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں حکومت بناتے وقت جرائم اور کرپشن ختم کرنے کا عہد کیا تھا۔

احتساب کمیشن کو، جسے صوبائی اسمبلی کی تمام پارٹیوں کی حمایت حاصل تھی، بنانے میں دو سال لگے۔

عمران کے مطابق، ’ اب یہی پارٹیاں کمیشن کے اقداما ت کے خلاف مذاحمت کر رہی ہیں کیونکہ وہ کڑے احتساب کیلئے تیار نہیں‘۔

عمران نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے سب سے پہلے پی ٹی آئی کے ایک وزیر پر ہاتھ ڈالا تھا۔’بدقسمتی سے وفاقی حکومت کمیشن کیلئے اسلام آباد میں چھپے مجرموں کو گرفتار کرنا مشکل بنا رہی ہے‘۔

عمران کا ماننا ہے کہ بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کے بجائے ’مک مکا‘ کو عادت بنا لیا گیا ہے۔ ’ہم احتساب کمیشن کو مطلوب سیاست دانوں کی گرفتاری روکنے کی تمام کوششیں ناکام بنائیں گے‘۔

عمران نے مزید کہا کہ وہ بدعنوانی کرنے والوں کو احتساب قانون کے سامنے جوابدہ بنائیں گے۔

Read Comments