Dawn News Television

شائع 22 اکتوبر 2015 03:09pm

مودی کے وزیر نے دلت بچوں کو کتے سے تشبیہ دے دی

ہندوستان کے سابق آرمی چیف اور موجودہ حکومت میں وزیر نے فرید آباد میں دلت بچوں کو زندہ جلانے کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی کتے کو پتھر مارے گا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد نہیں کی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست ہریانہ کے ضلع فرید آباد میں ایک دلت خاندان کے گھر کو اونچی ذات کے ہندوؤں نے آگ لگا دی تھی جس سے دو بچے ہلاک ہو گئے تھے۔

ہندوستان میں انتہا پسند جماعت بی جے پی کے موجودہ دور حکومت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور سکھوں پر حملوں کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر سے زور پکڑ گیا ہے۔

مودی حکومت کے وزیر اور سابق ہندوستانی آرمی چیف جنرل (ر) وی کے سنگھ ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں اپنے انتخابی حلقے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان واقعات کا دفاع کرتے نظر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مقامی واقعات کو مرکزی حکومت سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ اس واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ وہاں دو خاندانوں کے درمیان تنازع تھا اس لیے یہ انتظامیہ کی ناکامی نہیں ہے۔'

وی کے سنگھ نے کہا کہ اگر کوئی کتے کو پتھر مارے تو اس کی ذمہ دار حکومت نہیں ہو سکتی۔

سابق آرمی چیف کے بیان پر ہندوستان میں قائد حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے بھی سخت ردعمل کر اظہار کرتے ہوئے وی سنگھ کی کابینہ سے برطرفی اور معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

Read Comments