لائف اسٹائل

ریڈ میٹ کینسر کا سبب بن سکتا ہے، ماہرین

سور کا گوشت، ساسیج اور دیگر ریڈ میٹ جیسے گائے اور بکرے کا گوشت زیادہ مقدار میں کھانے سے بڑی آنت کا کینسر ہوسکتا ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈبلو ایچ او کی ایک رپورٹ کے مطابق سور کا گوشت، ساسیج اور دیگر قسم کے ریڈ میٹ کھانے سے بڑی آنت کا کینسر ہوسکتا ہے.

ڈبلو ایچ او کی پیر کو جاری ہونے والی رپورٹ میں پراسیسڈ میٹ کو کینسر کا باعث بننے والی اس فہرست میں شامل کردیا گیا ہے جس میں تمباکو نوشی موجود ہے.

انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر (آئی اے آر سی) کے مطابق گروپ کے 22 ماہرین صحت نے رواں ماہ فرانس میں اس حوالے سے 800 ریسرچز کا مطالعہ کیا.

آئی اے آر سی کے ڈاکٹر کرٹ اسٹریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کے لیے کم تعداد میں پراسیسڈ گوشت کھانے سے آنتوں کے کینسر کا امکان کم رہتا ہے تاہم یہ رسک زیادہ مقدار میں گوشت کے استعمال پر بڑھ جاتا ہے۔

ریڈ میٹ میں ہر طرح کا لال گوشت میٹ، بیف اور سور کا گوشت شامل ہیں جو جسم میں بڑی آنت کے کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔

تاہم پراسیسڈ گوشت کو تمباکو نوشی یا آرسینک سے منسلک کرنے کی پیشرفت کو اس صنعت سے وابستہ گروپس نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے جہاں نارتھ امریکن میٹ انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ رپورٹ عام آدمی کی منطق کو نظر انداز کرتی ہے۔