پاکستان

شیشہ سینٹرز پر پابندی کی رپورٹ طلب

سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز سے شیشہ سینٹرز پر پابندی کے اطلاق سے متعلق رپورٹ طلب کرلی.

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ملک بھر میں شیشہ سینٹرز پر پابندی کے اطلاق سے متعلق رپورٹ طلب کرلی.

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے تمباکو، شیشہ نوشی کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کی اور چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو شیشہ سینٹرز کے خلاف پابندی کے اطلاق کے حوالے سے رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کاحکم دیا.

پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں شیشہ نوشی کے حوالے سے ایک بل زیرِ التواء ہے اور جیسے ہی یہ بل پاس ہوگا، صوبے میں شیشہ سینٹرز پر پابندی لگا دی جائے گی.

سندھ کے ایڈووکیٹ جنرل عبدالفتح ملک نے عدالت کے روبرو بتایا کہ صوبے میں شیشہ سینٹرز پر پابندی لگائی جاچکی ہے تاہم حال ہی میں اس کی خلاف ورزی کے کچھ کیسز ریکارڈ کیے گئے.

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں شیشہ نوشی پر مکمل پابندی عائد کی جاچکی ہے.

جبکہ بلوچستان کے ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش نہیں ہوئے.

سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں مذکورہ بل کے ایک سال سے زائد عرصے سے زیرِ التواء ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے شیشہ سینٹرز پر پابندی کے فوری اطلاق کا حکم دیا.

بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی.