دنیا

بہار الیکشن: مودی کی جماعت کو شکست

سابق وزیراعلی نتیش کمارکی جماعت جنتہ دل یونائیٹڈ، لالو پرساد کی راشٹریہ جنتہ دل اور کانگریس کے اتحاد نے اکثریت حاصل کرلی
|

نئی دہلی : ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے مخالف اتحاد نے واضح کامیابی حاصل کر لی۔

نتائج کے مطابق سابق وزیر اعلی نتیش کمار کی جماعت جنتہ دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو)، لالو پرساد یادیو کی راشٹریہ جنتہ دل (آر جے ڈی) اور انڈین نیشنل کانگریس کے اتحاد نے واضح اکثریت کے حاصل کی۔

ریاست کی 243 نشستوں کے لیے 5 مرحلوں میں انتخابات ہوئے تھے، پہلا مرحلہ 12 اکتوبر اور آخری مقابلہ 5 نومبر کو ہوا تھا۔

بہار کے ریاستی انتخابات ہندوستان کی حکمران جماعت بی جی پی نے اپنی تاریخ کی مہنگی تریم مہم چلائی۔

رپورٹس کے مطابق بی جے پی نے الیکشن سے 6 ہفتوں قبل انتخابی مہم شروع کی اور اس دوران 600 سے زائد جلسے و ریلیاں منقعد کی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کو بہار میں کامیابی کی امید تھی، جس سے ایوان بالا میں بی جی پی کو مزید نشستیں ملنے کا امکان تھا، مگر بہار میں بی جی پی کی ناکامی کو نریندی مودی کی ناکامی قرار دیا جانے لگا ہے۔

فرسٹ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ بہار کے انتخابات میں بی جے پی کا ہار جانا نریندی مودی کی ذاتی شکست ہے۔

اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کبھی کسی وزیر اعظم نے کسی ریاستی انتخابات کی مہم اس قدر حصہ نہیں لیا تھا۔

نتائج کے مطابق بی جے پی کے مخالف سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے 150 سے زائد نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ بی جے پی کو 60 کے قریب نشستوں پر برتری حاصل ہو سکی۔

ابتدائی نتائج میں جیت واضح ہونے پر دہلی کے وزیراعلی عام آدمی پارٹی کے اروند کیجری وال، کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت دیگر رہنماوں نے جنتا دل کے رہنما نتیش کمار کو مبارکباد دینا شروع کر دی تھی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی نیتیش کمار سے رابطہ کرکے کامیابی پر مبارک باد دی۔