Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 نومبر 2015 01:51pm

جے ایف 17 تھنڈر طیارے کا 'ایک اور' خریدار

بیجنگ: پاکستان اور چین کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کیے گئے جے ایف 17 فائٹر جہاز کی فروخت کے لیے ایک اور معاہدہ دبئی ایئر شو کے دوران طے پاگیا۔

معروف چینی اخبار ’چائنا ڈیلی‘ نے اپنی رپورٹ میں سینئر چینی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری کارپ آف چائنا (ایوک) اور پاکستان ایروناٹیکل کامپلکس کا نامعلوم خریدار سے جے ایف 17 فائٹر جہاز کی فروخت کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا جے ایف 17 جہاز کی فروخت کے حوالے سے حتمی معاہدہ کب ہوگا اور کتنے جہاز فروخت کیے جائیں گے۔

یہ پڑھیں : دبئی ایئرشو میں پاکستانی طیاروں کی دھوم

ایوک ملٹری ایئرکرافٹ کے سیلز ڈویژن کے ہیڈ لوئی یو نے بتایا کہ دبئی ایئر شو کے دوران کئی ممالک نے جے ایف 17 جہاز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران چین کے ہتھیاروں کی برآمد میں 143 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم اسلحے کی عالمی مارکیٹ میں اس کا حصہ اب بھی صرف 5 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ تقریبآ 5 ماہ قبل جدید جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا پہلا آرڈر حاصل کیا گیا تھا.

یہ پڑھیں : پاکستان کو جے ایف 17 تھنڈر کا پہلا آرڈر مل گیا

پاکستان ایئر فورس کے ترجمان ایئر کموڈور سید محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا ایک آرڈر حاصل کرلیا گیا ہے، تاہم انھوں نے اس آرڈر کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔

چین کے ٹیکنیشن کی مدد سے پاکستان میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن ملٹی رول طیارے ہیں جو آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ رفتار سے 55 ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Read Comments