Dawn News Television

شائع 26 نومبر 2015 10:08pm

بہار میں شراب پر پابندی لگانے کا اعلان

نئی دہلی: ہندوستانی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نے جمعرات کے روز ریاست میں اپریل 2016 سے شراب نوشی اور اس کی فروخت پر پابندی کا اعلان کردیا۔

رواں ماہ ریاستی انتخابات کے بعد دوبارہ منتخب ہونے والے نتیش کمار نے انتخابی مہم کے دوران شراب پر مکمل پابندی کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے ایک تقریب کے دوران کہا کہ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ خواتین شراب نوشی سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں، اس وجہ سے میں نے اپنے افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ آئندہ مالی سال سے اس پابندی پر عمل درآمد کی تیاریاں کریں۔

تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید وضاحت نہیں کی کہ وہ اس پابندی پر کس طرح عمل درآمد کروائیں گے اور اس سے ہونے والے مالیاتی نقصان کا ازالہ کس طرح کریں گے۔

انڈیا کے این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بہار کی حکومت نے گزشتہ سال شراب کی فروخت پر ٹیکسوں سے تقریباً پانچ کروڑ ڈالر کمائے تھے۔

متعدد ہندوستانی ریاستوں بشمول گجرات میں پہلے ہی شراب پر پابندی عائد ہے۔

Read Comments