کھیل

کلیم اللہ کا امریکی کلب سے معاہدہ

امریکی کلب ساکرامینٹو کے ساتھ گزشتہ سیزن کھیلنے کے بعد کلیم اللہ نے2016 کے سیزن کے لیے تلساروفنکس سے معاہدہ کرلیا۔

کراچی: پاکستان فٹ بال ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی کلیم اللہ نے امریکی کلب تلسا روفنکس سے معاہدے پر دستخط کردیے۔

کلیم اللہ نے گزشتہ سیزن میں ایک اور امریکی کلب ساکرامنٹو ریپبلک کی نمائندگی کی تھی لیکن کوچنگ میں تبدیلی سمیت متعدد کئی اور وجوہات کی وجہ سے وہ صرف سات گول کرنے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں تلسا کی جانب سے فراہم کیے گئے موقع پر بہت خوش ہوں، یہ ایک بہترین ٹیم ہے اور انتہائی پرکشش فٹبال کھیلتی ہے۔

کلیم نے کہا کہ میں بہت تیزی سے چیزیں سیکھتا ہوں اور ساکرامنٹو کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کے بعد میں نے امریکی اسٹائل کی فٹبال کے بارے میں بہت کچھ سیکھا لہٰذا مجھے یقین ہے کہ میں اپنی نئی ٹیم کیلئے اچھا کھیل پیش کروں گا۔

23 سالہ نوجوان فٹبالر نے کہا کہ میں نئی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ عملے سے ملنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتا۔ میں نے تلسا کے بارے میں صرف اچھی باتیں سنی ہیں اور یقین کریں کہ میں ٹیم کی کامیابیوں میں قیمتی حصہ ڈالوں گا۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں اہم کردار ادا کرنے پر ساکرامنٹو ریپبلک کے کوچ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

کلیم نے کہا کہ میں یونائیٹڈ سوکر لیگ میں کھیلنے کا موقع فراہم کرنے اور مجھ پر یقین کرنے پر ساکرامنٹو کے کوچ پریکی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ دنیا میں کہیں بھی بہترین کام کریں گے۔

پاکستانی اسٹار کا نئے کلب سے معاہدہ کیلی فورنیا کی اسپورٹس مینجمنٹ فرم کورا اسٹارز اسپورٹس ایجنسی کی وجہ سے ممکن ہو سکا جس کا اسلام آباد میں بھی ایک آفس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے ایجنٹ عادل سعد نے بہتر کھلاڑی بنے کیلئے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی اور مجھے علم ہے کہ یہ نیا سفر میرے لیے انتہائی شاندار ثابت ہو گا۔ ان کے بغیر یہ سب ممکن نہ تھا۔

کلیم اللہ کی شمولیت سے تلسا کے کوچ ڈیوڈ ارونگ کو اٹیک کیلئے ایک اور آپشن مل گیا ہے۔

ڈیوڈ ارونگ نے کہا کہ کلیم اللہ کو اپنے کلب میں شامل کرنے پر بہت پرجوش ہیں، وہ بہترین صلاحیتوں اور مہارت کے حامل نوجوان کھلاڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فٹبال کپتان کلیم اللہ کا امریکی کلب سے معاہدہ

کوچ نے کہا کہ کلیم کو گزشتہ سیزن میں کھیلنے کا زیادہ موقع نہیں ملا لیکن ماضی میں ان کا گول اسکور کرنے کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔

صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر نے پاکستان پریمیئر لیگ میں اپنے کیریئر کا آغاز خان ریسرچ لیبارٹریز کیلئے کھیل کر کیا جہاں انہوں نے پانچ سیزن گزارے۔

اس دوران 94 مقابلے میں جلوہ گر ہوتے ہوئے انہوں نے 72 گول اسکور کیے اور 2012-13 کے سیزن میں 31 گول کر کے پی پی ایل کا نیا ریکارڈ بنایا اور ان پانچ سیزن کے دوران انہوں نے اپنی ٹیم کو چار لیگ ٹائٹل دلائے۔

2014 میں وہ کرغزستان کے کلب ڈورڈوئی سے وابستہ ہو گئے اور ایک کروڑ روپے میں معاہدہ کرنے والے کرغزستان کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے تھے۔ وہاں بھی انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے 18 گول کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوایا جس کے بعد وہ ساکرامنٹو ریپبلک سے وابستہ ہو گئے۔

اسٹرائیکر، مڈ فیلڈر اور ونگر کی پوزیشن پر کھیلنے کی صلاحیت رکھنے والے کلیم اللہ کو لیب میں بہترین کارکردگی پر 2015 میں کرغزستان کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

کلیم اللہ 2011 سے قومی فٹبال ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور 2014 میں انہیں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

وہ اب تک قومی ٹیم کیلئے 25 مقابلوں میں چار گول کر چکے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.