فلم ’دل والے‘ کی ایک بار پھر اسکریننگ
بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے‘ کے خلاف ہندوستانی ریاست کرناٹک کے شہر منگلورو میں انتہا پسندوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا اور فلم کی اسکریننگ روک دی گئی تھی تاہم فلم ایک بار پھر سے سنیما میں دکھائی جائے گی۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں ویشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل نے شہر کے سنیما گھروں کے باہر فلم کے خلاف احتتجاج کیا تھا جس کے بعد تھیٹر مالکان نے فلم کی اسکریننگ روکنے کا اعلان کردیا تھا۔
بجرنگ دل کے کارکنوں کی جانب سے ’دل والے‘ کی ریلیز کے خلاف مقامی انتظامیہ کو یادداشت بھی جمع کرائی گئی تھی۔
مالکان کے مطابق وہ کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے تھے تاہم اب شہر کے ڈپٹی کمشنر نے فلم کی نمائش کے دوران سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد ایک بار پھر فلم سنیما میں پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بولی وڈ انڈسٹری میں کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان نے گزشتہ ماہ اپنی عمر کے 50 سال مکمل ہونے پر ملک میں جاری عدم برادشت کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں عدم برداشت ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس عدم برداشت میں اضافہ ہوا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.