Dawn News Television

شائع 03 جنوری 2016 11:21pm

ہندوستانی شہریت ملنے پر عدنان سمیع کا جشن

نامور گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع نے حال ہی حاصل دی جانے والی ہندوستانی شہریت پر جشن ممبئی میں اپنی رہائشگاہ میں ہندوستانی پرچم کے ساتھ تصاویر کھنچواکر منایا۔

گزشتہ ایک دہائی سے ممبئی میں مقیم عدنان سمیع کو یکم جنوری کو ہندوستانی شہریت دی گئی تھی۔

.—اے ایف پی۔

ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی قسمت پر پورا بھروسہ تھا کیوں کہ میں 15 اگست کو پیدا ہوا تھا، یہ 14 اگست بھی ہوسکتی تھی لیکن نہیں، خدا نے اس بات کو یقینی بنایا کہ یہ 15 اگست ہی ہو، یہ میرے لیے ایک اشارہ تھا۔

'جب آپ کو کوئی چیز بہت قیمتی ہو اور وہ مل جائے تو آپ ایک بچہ بن جاتے ہیں۔ آج مجھے مٹھائی کی دکان میں موجود بچے جیسا محسوس ہورہا ہے۔ 2015 ختم ہوگیا اور خدا نے 31 کو آخری گیند پر سکسر ماردیا۔'

یہ بھی پڑھیں : عدنان سمیع کو انڈین شہریت دینے کی تیاریاں

واضح رہے کہ عدنان سمیع نے دو سال قبل بھی ہندوستانی شہریت کے لیے درخواست دائر کی تھی، تاہم اس وقت ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے رواں سال مارچ میں ایک بار پھر شہریت کی درخواست دائر کی۔

۔—اے ایف پی۔

پاکستانی شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ عدنان سمیع پہلی بار 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزیٹرز کے ویزے پر ہندوستان گئے تھے، جس کے بعد ان کے ویزا میں کئی بار توسیع کی گئی۔

27 مئی 2010 کو جاری کیے گئے ان کے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 26 مئی 2015 کو ختم ہوگئی جس کی حکومت پاکستان نے تجدید نہیں، جس کے بعد انھوں نے ہندوستانی حکومت سے ملک میں اپنے قیام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانونی قرار دینے کی درخواست کی۔

ان کی درخواست پر غور و فکر کے بعد ہندوستانی وزارت داخلہ نے انہیں غیر معینہ مدت تک ہندوستان میں قیام کی اجازت دے دی تھی۔

چند ماہ قبل عدنان سمیع کو ہندوستانی شہریت دیئے جانے کی تیاریوں کے حوالے سے خبر منظر عام پر آنے کے بعد ایک سینئر افسر نے دی ہندو کو بتایا تھا کہ عدنان سمیع خان کوہندوستانی سیٹزن شپ ایکٹ 1995 کے سیکشن 6 کے تحت شہریت دی جائے گی۔

ہندوستان میں اس سیکشن کے تحت سائنس، فلسفہ، آرٹ، ادب، دنیا میں امن اور انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات فراہم کرنے والے درخواست گزاروں کو شہریت دی جاتی ہے۔

Read Comments