Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2017 12:42am

دنیا کے امیر ترین شخص کی کامیابی کا راز؟

دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کی ترقی کا راز کیا ہے ؟ اس کا انکشاف ان کے والد نے کردیا ہے۔

بل گیٹس کے والد ولیم ایچ گیٹس نے امریکی جریدے فوربز کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ مائیکروسافٹ کے بانی نے بچپن سے نوجوانی تک کا سفر کس عادت کے ساتھ گزارا۔

ان کا کہنا تھا کہ بل گیٹس شروع سے ہی مطالعے کا شوقین بلکہ جنونی تھا۔

ان کا کہنا تھا ' میرا بیٹا بچپن سے ہی ہر قسم کی کتاب پڑھنے کا شوقین تھا چاہے وہ انسائیکلوپیڈیا ہو، سائنس فکشن اور دیگر۔ میں یہ دیکھ کر جوش محسوس کرتا تھا کہ میرا بچہ کتابوں کا کتنا شوقین ہے مگر وہ اتنا مطالعہ کرتا تھا کہ میں نے اور اس کی ماں نے ایک اصول وضع کرلیا کہ رات کے کھانے کی میز پر کوئی کتاب نہیں ہوگی'۔

بل گیٹس کے مطالعہ کا شوق اس بات بھی واضح ہوتا ہے کہ ان کے ذاتی بلاگ ' گیٹس نوٹس' میں بھی انہوں نے ڈیڑھ سو کتابیں پڑھنے کا مشورہ دیا ہے جو ہر قسم کے موضوعات پر مشتمل ہیں۔

ولیم گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ بچپن میں جب بل گیٹس سے اسکول میں ایک پرچے کے دوران پوچھا گیا کہ ہو کیا بننا چاہتے ہیں تو ان کا جواب تھا خلا باز مگر اس کے ساتھ انہوں نے سائنسدان کے آپشن کو بھی منتخب کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایک تحقیق سامنے آئی تھی جس میں دنیا کے امیر ترین 1200 افراد میں ایک عادت مشترک پائی گئی اور وہ تھی پڑھنا۔

مزید پڑھیں : دنیا کے امیر ترین افراد کی ایک عادت مشترک

مطالعے کے سربراہ اسٹیو سیبولڈ جو کہ خود بھی ایک ارب پتی ہیں، نے تین دہائیوں کے دوران ان افراد کے انٹرویوز کیے جس میں انہوں نے پایا کہ یہ تمام افراد پڑھ کر خود کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments