Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2016 11:36pm

تھائی بادشاہ کی فیس بک 'توہین' پر 6 سال سزا

بنکاک: ایک تھائی شہری کو فیس بک پر بادشاہ کی مبینہ توہین پر چھ سال قید کی سزا سنادی گئی۔

خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں تھائی لینڈ میں حکومت بادشاہ کے خلاف بات کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کررہی ہے جبکہ زیادہ تر گرفتاریاں اور سزائیں سوشل میڈیا پر بیان دینے والوں کو دی جارہی ہیں۔

تھائی لینڈ میں قانون کے تحت بادشاہ کے خلاف بیان بازی کو توہین آمیز قرار دے کر قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔

بنکاک کی کریمنل کورٹ نے بدھ کو 46 سالہ پیا جلکتیپھن کو 2013 میں دو فیس بک پوسٹس پر سزا سنائی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ان پوسٹس سے خدشہ تھا کہ یہ عوام کو بادشاہ کے خلاف 'بے ادب ' بنا دیتیں۔

عدالت نے شروع میں نو سال کی سزا سنائی تھی تاہم تحقیقات کے دوران تعاون کرنے پر عدالت تین سال کی سزا کم کرتے ہوئے اسے چھ سال تک محدود کر دیا۔

Read Comments