لائف اسٹائل

فواد خان، عالمگیر کے کردار کیلئے کاسٹ

پاکستان کے معروف موسیقار عالمگیر کی زندگی پر بننے والی فلم 'البیلا راہی' میں فواد خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے.

پاکستان کے معروف گلوکار عالمگیر کی زندگی پر بننے والی فلم ’البیلا راہی‘ میں فواد خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

حال ہی میں پروموشن کے لیے منعقد کی گئی ایک تقریب میں سٹیمولس پروڈکشن کمپنی نے فلم کی شوٹنگ جلد شروع کرنے کا اعلان کیا.

فلم کے فیس بک پیج پر بتایا گیا کہ یہ فلم ایک عام آدمی سے راک اسٹار بنے والے عالمگیر کی زندگی پر مبنی ہے جو ملک میں پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

فواد خان نے اس فلم میں عالمگیر کا کردار ادا کرنے کا موقع ملنے پر جوش و خروش کا اظہار کیا، ساتھ ہی انہوں نے شائقین کے لیے عالمگیر کا مقبول گانا ’البیلا راہی‘ بھی گایا۔

اس موقع پر ویڈیو لِنک کے ذریعے بات کرتے ہوئے عالمگیر نے پروڈکشن کمپنی اور فواد خان کی کوششوں کو سراہا۔

فواد خان اپنے میوزک بینڈ 'ای پی' کے مرکزی گلوکار تھے جنہوں نے ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’خدا کے لیے‘ میں اپنی اداکاری سے سب کو متاثر کیا.

اپنے مقبول ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ میں ماہرہ خان کے ساتھ بہترین کیمسٹری کے باعث فواد خان کامیابی کی بلندیوں تک پہنچے۔

اس ڈرامے کی کامیابی کے بعد فواد نے فلم ’خوبصورت‘ کے ذریعے بولی وڈ ڈیبیو کیا، جس میں اُن کے ہمراہ سونم کپور نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے لیے انھیں فلم فئیر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

فواد بہت جلد اپنی اگلی بولی وڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی تشہیر کرتے ہوئے نظر آئیں گے، جس میں ان کے ہمراہ سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

'کپور اینڈ سنز' رواں برس مارچ میں ریلیز کی جائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔