Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 مارچ 2016 06:44pm

بہت زیادہ منہ میٹھا کرنا جگر کے امراض کا باعث

کیا آپ کو معلوم ہے کہ بہت زیادہ مقدار میں چینی آپ کے جگر کو بہت زیادہ کام پر مجبور کردیتی ہے؟

نہیں تو یہ جان لیں کہ بہت زیادہ میٹھے کا استعمال آپ کے جگر کے افعال کو روکنے یا لیور فیلیئر کا شکار بناسکتا ہے۔

یہ انتباہ ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

تحقیق کے مطابق چینی کو جس طرح ہمارا جسم استعمال کرتا ہے وہ جگر کو تھکا دینے اور متورم کردینے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ چینی کی بہت زیادہ مقدار جگر پر غیر الکحلی چربی بڑھنے کے مرض کا باعث بن سکتی ہے اور یہ چربی بتدریج پورے جگر پر چڑھ جاتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عام فرد کے مقابلے میں 2 گنا زیادہ سافٹ ڈرنکس کے استعمال کرنے والے افراد میں اس مرض کی تشخیص زیادہ ہوتی ہے۔

تحقیق میں یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جگر کے امراض کی ذمہ دار چینی ہے یا میٹھے کے بہت زیادہ استعمال کی وجہ سے جسمانی وزن میں اضافہ اس کا باعث بنتا ہے تاہم دیکھا جائے تو یہ کان یہاں سے پکڑو یا وہاں سے، جیسی بات ہے۔

جگر پر غیر الکحلی چربی کے امراض کے شکار بیشتر افراد کو اکثر علامات کا سامنا نہیں ہوتا اور یہی وجہ ہے کہ وہ کافی عرصے تک اس سے آگاہ بھی نہیں ہوپاتے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جگر پر چربی چڑھنا اسے داغ دار بنا دیتا ہے اور بتدریج وہ لیور فیلیئر کا باعث بن جاتا ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے نیوٹریشنز میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments